کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) مون سون کی بارشوں میں شہریوں کی جانوں اور املاک کو نقصانات سے بچانے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر میجر (ر) ناصر رفیق کی زیر صدارت جمعہ کے روز ہونے والے اجلاس میں محکمہ شاہرات ،شہری دفاع ، برقیات ، تعلیم ، زراعت ،صحت و انتظامیہ نے اپنے اپنے حفاظتی پلان شیئر کئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ شاہرات و ترقیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ بازاروں اور شاہرات سے بلا منظوری لگائے گئے بل بورڈز ہٹائے جائیں ، اور بل بورڈز کی رجسٹریشن کریں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کہ بارشوں اور سیلابی کیفیت کے پُر خطر مقامات کی جغرافیائی میپنگ کرتے ہوئے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کی منصوبہ بندی و تیاری مکمل کریں ۔
سڑکوں اور راستوں سے رکاوٹیں دور کرنے والی مشینری کو فعال حالت میں رکھیں ۔ انہوں نے پُر خطر جگہوں پر بجلی کی تاروں اور کھمبوں کیلئے پیشگی نشاندہی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ گاجر بوٹی کی تلفی کیلئے اقدامات کریں ۔ اس کے پلان بنائیں اور شیئر کریں اور جہاں جہاں ضرورت ہو دیگر اداروں سےمعاونت بھی حاصل کریں ۔ کسانوں کو بارشوں سے فصلوں کو نقصانات سے بچانے کیلئے آگہی دیں ۔ ورکشاپس و سوشل میڈیا سے کیمپین چلائیں ۔ انہوں نے سب ڈویژنل مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ندی نالوں ، دریاؤں کے قریب نہانے پر پابندی لگاتے ہوئے دفعہ 144نافذ کریں ۔
تھلیر اور دریا کے قریب نہانے والوں پر ایس ایچ او چھاپے ماریں ۔ والدین اپنے بچوں کو ندی نالوں اور دریا میں نہانے سے سختی سے ر وکیں ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز میں متعلقہ نمبرز ہونے چا ہیے ۔ اے سی صاحبان نالہ جات میں تجاوزات چیک کریں ۔ سخت اور نرم تجاوزات کی گیٹیگریز بنائیں اور سوفٹ تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے تحصیل وائز خطر ناک مقامات کی نشاندہی کریں ۔ محکمہ تعلیم بچوں کو موسمیاتی تبدیلیوں ماحولیاتی آلودگی کے خطرات سے بچوں کو آگاہ کریں ۔ ان کیلئے ہفتہ وار لیکچر زکا بندوبست کریں ۔ ایل اوسی کے قریب سکولز میں شیلنگ سے بچنے کی ٹریننگ دی جائے ۔
انہوں نے محکمہ خوراک کو بارشوں میں بھی آٹا سپلائی کے روٹ کھلے رکھنے کا بندوبست کرنے کا حکم دیا ۔ اے سی صاحبان کو ہدایت کی کہ سلنڈر گیس کا اور پٹرول کا سٹاک یقینی بنائیں اور پٹرول دینے سے انکار پر اس پمپ کو سیل کریں ۔ ان سے روزانہ کی بنیاد پر سٹاک کی رپورٹ لیں ۔ بارشوں کے نتیجے میں ضرورت پڑنے پر آبادی کی نقل مکانی کے بندوبست کی منصوبہ بندی کریں ۔ اے سی اور افسر مال کوٹلی کنٹرول روم کا باقاعدگی سے معائنہ کریں ۔ ڈی ایچ او سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکسی نیشن کا تحصیل اور بی ایچ یو سطح پر بندوبست کریں ۔
ایکسین شاہرات نے بتایا کہ کھوڑی ، ر حمٰن اور اکبری پل ،جنڈی گالہ کے مقامات پر سلا ئیڈنگ کی مینجمنٹ کردی گئی ہے جبکہ گلپور بازار اورڈونگی کے قریب ممکنہ سلا ئیڈنگ سے بچنے کے لیے بھی اقدامات کرلئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی ایک شکایت پر ڈپٹی ڈا ئریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ سیکرٹری یونین کونسلز کوجائے ڈیوٹی پر حاضر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں بچانے کی دہری ذمہ داری ہے ۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیض عالم ، اسسٹنٹ کمشنر سہنسہ احمد سبحانی ، اسسٹنٹ کمشنر فتح پور تھکیالہ سیماب اسلم ، اسسٹنٹ کمشنر چڑہوئی نزاکت حسین ، اسسٹنٹ کمشنر دولیا جٹاں غلام محی الدین ،اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی سہیل بشیر، اے ڈی اینیمل ہیلتھ وٹرنری ڈاکٹر الطاف حسین طاہر، اے ڈی زراعت میاں نوید اللہ ، سوشل ویلفیئر آفیسر سید سفیر حسین شاہ نقوی ، انفارمیشن آفیسر شوکت علی ، اے ڈی سول ڈیفنس سردار تعظیم خان ، ڈی ای او مردانہ جمشید بخاری ، ڈی ای او زنانہ سعیدہ عندلیب ، ڈپٹی ڈائریکٹر عامر زیب ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ محمد فرحان کریم ، ڈی ایف سی منور احمد چوہان ، ایس ڈی او بلڈنگ توصیف عامر، ایکسین برقیات ملک ابصار حسین ، ایکسین شاہرات اشتیاق مغل ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شفقت حسین شاہ ، ڈی ایس پی محمد الیاس جنجوعہ ، ایکسین بلڈنگ سردار اجمل مصطفیٰ کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی ۔