مظفر آباد؛ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئےاجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے وزیراعظم کو محرم الحرام کے انتظامات بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزراء نثار انصر ابدالی، چوہدری اظہر صادق شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری خوشحال خان، سیکرٹری سروسز ظفر محمود خان ،انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے چوہدری محمد فرید، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین،سپیشل سیکرٹری یونس میر،ڈی آئی جی ، ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے سعید الرحمن قریشی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیااور طے پایا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں، کنٹرول روم قائم کرنیکا فیصلہ،محکمے الرٹ رہیں،و زیراعظم انوارالحق
محرم الحرام کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں محرم الحرام میں ماتمی جلسوں کی قدیمی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور شہریوں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کو موثربنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ کی رپورٹنگ کا دائرہ کار 72 گھنٹے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سوشل میڈیا پر معاشرے میں اشتعال انگیزی پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنے سمیت ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کنٹرول رومز کو محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مرکزی سطح پر کابینہ کمیٹی اور ریجنل سطح پر ڈویژنل کمیٹیز کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیز کے اجلاس کے ذریعے سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز کے تعین کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ پولیس آزاد کشمیر دیگر ایمرجنسی کے محکمہ جات کے ساتھ مل کر محرم الحرام کے دوران امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم انوارالحق انجانے خوف میں مبتلا ،عوامی ایکشن کمیٹی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، راجہ فاروق حیدر
وزیراعظم انوار الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور معاشرے میں بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ، ہمیں شرانگیزی اور انتشار کی حوصلہ شکنی کرنی ہے مسلکی ہم آہنگی ایک خوبصورت سوچ ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔
انہوں نےکہا کہ شہری منافرت پھیلانے والوں کے متعلق فوری رپورٹ کریں،حکومتی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی نظر رکھیں اور امن کو سبوتاژ کرنے والوں کی فل فور حوصلہ شکنی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون سے یقینی بنائیں۔