پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود بالی وڈ سپر اسٹار اور معروف فرنچائز اونر شاہ رخ خان نے پاکستانی کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم کیلئے دو قومی کرکٹرز سے معاہدہ کر لیا ہے۔
شاہ رخ خان، جو انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک ہیں اور دنیا بھر میں مختلف کرکٹ فرنچائزز کی ملکیت رکھتے ہیں، کیریبیئن پریمیئر لیگ 2025 کے ڈرافٹ میں بھی سرگرم نظر آئے۔ انہوں نے اپنی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) کے لیے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے، جن میں ایک اسٹار کرکٹر بھی شامل ہے۔
ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز میں شامل ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر محمد عامر اور عثمان طارق کے نام شامل ہیں۔ محمد عامر اس سے قبل بھی سی پی ایل کے چار سیزن کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 39 میچز میں 18.09 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ خاص طور پر ڈیتھ اوورز میں اپنی سوئنگ اور مہارت کے باعث جانے جاتے ہیں، اور ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ٹیم کا بولنگ اٹیک مضبوط کریں گے۔
دوسری جانب، عثمان طارق نے حالیہ پاکستان سپر لیگ 2025 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف 5 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شاندار کارکردگی کے باعث انہیں بھی سی پی ایل میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
شاہ رخ خان کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی فرنچائز میں شامل کرنا نہ صرف کرکٹ کی دنیا میں مثبت پیغام ہے بلکہ یہ ان کے اس پُرانے مؤقف کی بھی تائید ہے جس میں وہ پاکستانی ٹیلنٹ کو سراہتے رہے ہیں۔