مظفرآباد :آزاد جموں و کشمیر کے سرسبز وادیوں میں واقع تحصیل پٹہکہ کے علاقے ناصرآباد میں قائم نیا چڑیا گھر مقامی افراد اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ قدرتی جنگلات اور سبزہ زاروں سے گھرا یہ چڑیا گھر فطرت سے قربت کا منفرد اور پُرسکون موقع فراہم کرتا ہے۔
چڑیا گھر ناصرآباد کے مرکزی مقام پر واقع ہے، جہاں نایاب و رنگا رنگ پرندے اور خونخوار جنگلی جانور موجود ہیں۔ بچے ہوں یا بڑے، ہر عمر کے افراد یہاں موجود قدرتی مناظر اور جنگلی حیات سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ بلند درختوں کا گہرا سایہ، پرندوں کی چہچہاہٹ اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا اسے ایک تازگی بخش تفریحی مقام بنا دیتا ہے۔ چڑیا گھر کی سب سے نمایاں خوبی جانوروں کے لیے قدرتی ماحول کی فراہمی ہے، جس سے نہ صرف ان کی صحت کا خیال رکھا گیا ہے بلکہ زائرین کو بھی ایک فطری ماحول میں جانوروں کا مشاہدہ کرنے کا نایاب موقع میسر آتا ہے۔ یہ ماحول سیاحوں کو فطرت کے قریب تر محسوس کرنے کا تجربہ دیتا ہے۔
نصیرآباد چڑیا گھر صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ تعلیمی مرکز بھی ہے، جہاں بچے جانوروں اور پرندوں کو قریب سے دیکھ کر سیکھنے میں دلچسپی لیتے ہیں۔ والدین کے مطابق یہ مقام بچوں کے لیے ایک محفوظ، دلچسپ اور معلوماتی تفریحی موقع فراہم کرتا ہے۔ مقامی افراد ناصرآباد چڑیا گھر کو مظفرآباد میں سیاحت کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دے رہے ہیں۔ پُرسکون ماحول، تعلیمی اہمیت اور قدرتی خوبصورتی کی بدولت یہ مقام تیزی سے آزاد کشمیر کے مشہور تفریحی مقامات میں شمار ہونے لگا ہے۔۔
یہ بھی پڑھیں: سیاحوں کی وین بیرپانی میں حادثے کا شکار، تین افراد شدید زخمی
یہ کامیاب منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قدرتی مقامات کو منصوبہ بندی سے ترقی دی جائے تو وہ نہ صرف سیاحت بلکہ کمیونٹی کی خوشی کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔ قدرت سے محبت کرنے والے افراد، جانوروں کے شوقین اور پرسکون ویک اینڈ گزارنے کے خواہشمندوں کے لیے ناصرآباد چڑیا گھر تیزی سے ایک پسندیدہ مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔