بنگلہ دیش کے مایہ ناز بیٹر مشفیق الرحیم نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کر کے نیا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری میچ میں مشفیق الرحیم نے اپنی 12ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، جس کے ساتھ وہ سری لنکا کی سرزمین پر کسی نان اوپنر بلے باز کے طور پر سنچری بنانے والے سب سے عمر رسیدہ کرکٹر بن گئے۔ اس تاریخی کارکردگی کے دوران مشفیق الرحیم نے 38 سال اور 39 دن کی عمر میں سنچری بنائی، یوں انہوں نے پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2015 میں سری لنکا میں 37 سال اور 216 دن کی عمر میں سنچری بنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کرکٹرز بگ بیش لیگ کا حصہ بن گئے، کون کس ٹیم میں کھیلے گا؟
مشفیق الرحیم نے اس اہم موقع پر 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن تک پہنچا دیا۔ اس میچ میں بنگلہ دیش کی طرف سے نجم الحسین شانتو نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 148 رنز بنائے، جبکہ لٹن داس 90 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 9 وکٹوں پر 484 رنز اسکور کیے، جو کہ سری لنکا کے خلاف بڑی برتری حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مشفیق الرحیم کی یہ سنچری نہ صرف ان کی فٹنس اور تجربے کا ثبوت ہے، بلکہ ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہر لمحہ پاکستان کے لیے تھا،چیمپیئنز ٹرافی کی سالگرہ پر سرفراز احمد کا جذباتی پیغام