مدد کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی،ایران-اسرائیل کشیدگی پر پوتن کا محتاط مؤقف

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے واضح کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود تہران نے ماسکو سے کسی قسم کی مدد کی درخواست نہیں کی ہے۔

سینٹ پیٹرزبرگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ایران نے اب تک روس سے کوئی مدد نہیں مانگی۔ اے ایف پی کے نمائندے کے سوال پر ان کا کہنا تھا: ’’ہمارے ایرانی دوستوں نے اس بارے میں ہم سے کچھ نہیں کہا ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، پوتن نے مزید کہا کہ روس کسی پر کچھ مسلط نہیں کر رہا بلکہ صرف یہ بات کر رہا ہے کہ اس صورتحال سے کیسے نکلا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کشیدگی کا حل ان ممالک، خصوصاً ایران اور اسرائیل کی سیاسی قیادت پر چھوڑ دینا چاہیے۔

یہ بھی پرھیں: ٹرمپ نے ایران پر حملے کی منظوری دے دی، حتمی فیصلہ باقی ہے: امریکی میڈیا

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے قتل کے ممکنہ خدشے پر جب سوال کیا گیا تو پوتن نے کہا: ’’میں نے اس بارے میں سنا ہے، لیکن میں اس امکان کے بارے میں بات بھی نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

Scroll to Top