پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر بھارت پانی روکتا ہے تو پھر پاکستان کے پاس جنگ کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں۔
جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھاکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان کیلئے ایک ریڈ لائن ہے، بھارت کی پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی یو این چارٹرکی خلاف ورزی ہے اور بھارت کی طرف سے پانی روکنا ہمارے وجود کو خطرے میں ڈالنے کے مترداف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر سمیت تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،بلاول بھٹو
انہوں نے کہاکہ پانی ہماری بقا ہے، کسی صورت اپنےحق سے دستبردار نہیں ہوسکتے، بھارت کو معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی کوشش کی تو جنگ ایک ناگزیر انتخاب بن جائیگا۔
بلاول کا کہنا تھاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت کا ہاتھ ہے، ہم نے کبھی نہیں کہا دہشتگردی کی وجہ سے جنگ چھیڑدیں گے، ہم ہرگز جنگ نہیں چاہتے، اگر بھارت پانی روکتا ہے تو پھر پاکستان کے پاس جنگ کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں۔