pm shahbaz

ایران پر اسرائیلی حملہ قابل مذمت،عالمی برادری مزید جنگ روکنے کیلئے اقدامات کرے، شہباز شریف

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں ایران پر اسرائیل کے جارحانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کا حملہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور انتہائی تشویشناک اقدام ہے،اسرائیل کا یہ غیر ذمہ دارانہ اقدام خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرے گا جو پہلے ہی خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزید جنگ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایران اور ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے قبل ازیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جو کہ ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے ۔

یہ خبر بھی پڑھیں :ایران پر اسرائیلی حملے قابل مذمت،بین الااقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،پاکستان

انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنے عمل نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کے ضمیر کو بھی ہلا کر رکھ دیا، جس سے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو شدید نقصان پہنچا۔

پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑا ہے،بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ کو اس حملے کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے ۔

اس کے علاوہ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے اور مزید کہا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

Scroll to Top