مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے باغ آزادکشمیر میں عوامی دست وبازو پارٹی کی ریلی، سبز ہلالی پرچموں کی بہار، قومی نغموں نے سماں باندھ دیا۔
فضاء پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی پاکستان اور بھارت کے مابین ہونیوالی کشیدگی کو ایک ماہ مکمل ہونے پر باغ آزادکشمیر میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کی خوشی میں پاک فوج اور قوم سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیریوں نے ریلی منعقد کی ۔
ریلی کا انعقاد عوامی دست و بازو پارٹی نے کیا باغ کے علاقے چہالہ سے شروع ہونیوالی ریلی مختلف علاقوں سے گزر کر رنگلہ کے مقام پر پہنچی جہاں اظہار تشکر کیلئے جلسہ عام منعقد ہوا ریلی میں درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلز سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں :حریت کانفرنس کی چکوٹھی میں پاکستان زندہ باد ریلی،پاک فوج کے جوانوں پر پھول نچھاور
ریلی میں شریک گاڑیوں اور موٹر سا ئیکلز کو پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچموں سے سجایا گیا تھا شرکاء نے پاک فوج زندہ باد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین عوامی دست وبازو پارٹی ساجد عباسی نے کہا کہ پاکستانی قوم اور عوام کے ساتھ کشمیری عوام سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔
اللہ نے ہندوستان جیسے بڑے ملک کے مقابلے میں سبز ہلالی پرچم کی لاج رکھی ہے،ساجد عباسی کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جارحیت اور کشمیریوں کے ساتھ ظلم و بربریت مسلح افواج پاکستان نے دو گھنٹے میں اس کا جواب دیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :مظفرآباد سے چکوٹھی تک موٹرسائیکل ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار
پاک فوج کے دو گھنٹے کے مختصر آپریشن پر ہندوستان گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور پاک فوج کے جوان جو جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی منعقد کی ہے پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے یہ ایک تاریخی موقع ہے۔