شاردہ،گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں فری لانسنگ ہب کا افتتاح

نیلم(کشمیر ڈیجٹیل) ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمراحمد شاہ نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج شاردہ میں فری لانسنگ ہب کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر سیکٹر کمانڈر اے جے کے ایس سی او کرنل یوسف جاوید، برگیڈئیر 32برگیڈ محمد عمران چیمہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

سب ڈویژن شاردہ میں فری لانسنگ ہب کے قیام کا مقصد دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں نوجوانوں کو موجودہ ڈیجیٹل دور میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

فری لانسنگ ہب کی افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر راجہ بلال، مقامی کمانڈنگ آفیسر، ڈی ایس پی سردار فیاض، پرنسپل بوائز ڈگری کالج پروفیسر ڈاکٹر خواجہ سکینہ، صدر معلم گورنمنٹ ہائی سکول خواجہ یاسین سمیت عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ و دیگر کااساتذہ اور طلبانے فری لانسنگ ہب کی افتتاحی تقریب آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو شعبہ آئی ٹی میں موجود روزگار کے مواقع سے روشناس کرانا وقت کا تقاضاہے۔

وادی نیلم میں ذہین لوگ ہیں، امید ہے ہماری اس معمولی کاوش سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم، قوم کا اتحاد اور فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت لائق تحسین ہے۔

ایس سی او آئندہ مالی سال کے دوران آزاد کشمیر میں 150سے زائد ایس سی او کےٹاور نصب کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ایس سی او نے آزاد کشمیر میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں 80فری لانسنگ ہب قائم کیے ہیں جلد 100 لانسنگ ہب کا ہدف مکمل کریں گے ۔

طلباء وطالبات کو آئی ٹی کی تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔شونٹھر وادی میں ٹاور نصب کرتے ہوئے انٹرنیٹ اور فون کی سروس فراہم کریں گے۔

آن لائن نوجوان نسل آئی ٹی کے ذریعے روزگار حاصل کریگی۔ افواج پاکستان کے ساتھ قوم کے یکجہتی کے سچے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انٹرنیٹ کی سہولت کو بہتر کرنے کے لیے سسٹم کی اپ گریڈیشن کرنے جارہے ہیں۔ 2026جون تک آزاد کشمیر کے قریہ قریہ میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات کی سہولت میسر ہوںگی۔

طلبا و طالبات کی آئی ٹی کے شعبے میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایس سی او کو فری لانسنگ ہب کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی ایس سی او نے فری لانسنگ ہب کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلبا کے ساتھ گفتگو کی اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
خطرناک پودے، وادی لیپا جانیوالے سیاحوں کیلئے الرٹ جاری

Scroll to Top