مظفرآباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم نہایت خوشگوار ہوگیا ہے۔ آسمان پر کبھی بادل چھا جاتے ہیں تو کبھی سورج جھانکتا ہے، یوں جون کے مہینےمیں ایک خوشگور موسم کا سامناہے۔ ہلکی بارش کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے اور وادی کا حسن مزید نکھر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے۔
اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم اور گردونواح میں تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ شہریوں کو ممکنہ خطرات سے بچنے کیلئے گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔ شدید بارش کے نتیجے میں فصلوں، سبزیوں اور خاص طور پر سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں بعض علاقوں میں گرمی تو کہیں بارش کا راج
خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں جیسے مردان، چارسدہ، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مناسکِ حج کے مقدس سفر کا آغاز، عازمین حج ظہر سے قبل منیٰ پہنچیں گے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے دوران کھلے میدانوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں، جبکہ کسان حضرات کو بھی فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔