وادی لیپہ میں برفباری کے باعث موسم سرد،بکروال مشکلات کا شکار

وادی لیپہ میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے جس کے باعث ایک بار پھر سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برفباری نے جہاں موسم کو سرد کر دیا ہے، وہیں پہاڑی علاقوں میں موجود مال مویشیوں کے لیے شدید مشکلات کھڑی ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بکروال خاندان، جو ملک کے مختلف حصوں سے اپنے ریوڑ کے ہمراہ ہر سال وادی لیپہ کے پہاڑوں کا رخ کرتے ہیں، اس وقت خراب موسم کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ برف جمنے کے سبب جانوروں کے لیے قدرتی چارہ دستیاب نہیں رہاجبکہ مسلسل نمی اور سردی سے کئی مویشی بیمار ہو رہے ہیں۔بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی لیپہ اور ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ پانچ جون تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ وقفے وقفے سے مزید برفباری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بکروالوں کی پہاڑوں کو ہجرت کی کہانی:مقامی ثقافت کا ایک رنگ

خوش آئند پہلو یہ ہے کہ اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور وادی کو دیگر علاقوں سے ملانے والی تمام مرکزی رابطہ سڑکیں کھلی ہیں۔ ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے تاہم حکام نے شہریوں کو موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top