ڈھاکا میں ایک بار پھر سیاسی درجہ حرارت بلند ہو گیا ہے جہاں اپوزیشن جماعتوں نے نئے انتخابات کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے احتجاجی ریلی نکالی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے دارالحکومت ڈھاکا میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔بی این پی نے عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس سے رواں سال دسمبر میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ ریلی ایسے وقت میں نکالی گئی جب ذرائع کے مطابق بنگلادیش کے آرمی چیف کی جانب سے بھی دسمبر میں انتخابات کرانے کی حمایت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔تاہم خبر ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر یونس پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ الیکشن جون 2026 میں ہی ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک بٹن سے بھارت کے ڈیم تباہ کیےجا سکتے ہیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں :ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا انکشاف
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طلبہ تحریک کے بعد اس وقت کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد بھارت فرار ہو گئی تھیں جس کے بعد ڈاکٹر محمد یونس نے عبوری حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔