غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام، تتاپانی ہجیرہ میں اہم شاہراہ بند کرنے کا اعلان

تتاپانی ہجیرہ : بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی سے تنگ آ کر تتاپانی ہجیرہ کے شہریوں نے 26 مئی بروز پیر کو مکمل پہیہ جام ہڑتال اور اہم دفاعی شاہراہ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ شہریوں کی جانب سے متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ وولٹیج کی شدید کمی کی وجہ سے گھریلو آلات جلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جبکہ معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

شہریوں نے بتایا کہ اس وقت انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جاری ہیں اور بجلی کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ و طالبات کو تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آن لائن کلاسز لینے والے طلباء اور گھر بیٹھ کر کام کرنے والے پروفیشنلز بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نائلہ کیانی نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کینچن جنگا سرکر لی!

عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ برقیات فی الفور نوٹس لے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ اور وولٹیج کی کمی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Scroll to Top