ہٹیاں بالا کے عوام کی موجودہ حکومت سے متعلق لی گئی رائے جانیے!

آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے مرکزی علاقے ہٹیاں بالا میں عوام نے حکومت کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کو شدید مایوسی کا شکار بنا دیا ہے۔

مقامی شہریوں نے زور دیا ہے کہ نوجوان تعلیم اور ہنر کے میدان میں آگے بڑھیں تاکہ ملک کی حقیقی خدمت ممکن ہو سکے۔

عوامی رائے جاننے کے لیے  کشمیر ڈیجیٹل کی جانب سے کیے گئے سروے اور مقامی شہریوں سے گفتگو میں یہ بات سامنے آئی کہ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، روزگار کے مواقع کی کمی، اور صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان عوام کو سخت مشکلات میں ڈال رہا ہے۔

ایک مقامی شہری نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ہم نے تبدیلی کے خواب دیکھے تھے، مگر آج عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔” عوام کی بڑی تعداد نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں عوام کو اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے جو ملک کی سلامتی کی واحد ضامن ہے۔

تاہم عوام نے آئینی حدود میں پرامن احتجاج کو شہریوں کا جائز حق قرار دیتے ہوئے اس امر کی مخالفت کی کہ کوئی بھی مطالبہ بدامنی یا بلیک میلنگ کے ذریعے منوایا جائے۔ اس رویے کو انہوں نے قابلِ مذمت قرار دیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے حالیہ کردار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے تجویز دی کہ کمیٹی کے ارکان کو اپنی اپنی سیاسی جماعتوں میں واپس جا کر نظام کے اندر رہتے ہوئے اصلاحات کے لیے کام کرنا چاہیے۔

نوجوانوں سے متعلق عوام کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں جذباتی سیاست سے ہٹ کر تعلیم اور ہنر کی طرف توجہ دینا ہی ملک و ملت کی ترقی کا راستہ ہے۔ ایک مقامی استاد نے کہا، “ہمارے نوجوانوں کو ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان اور محقق بننا چاہیے، نہ کہ احتجاجی سیاست کا ایندھن۔” عوام نے پاک فوج کے سربراہ کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کیے جانے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو وعدہ کیا، اسے پورا کر دکھایا اور عالمی سطح پر ملک کا نام فخر سے بلند کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچ گئے

مجموعی طور پر ہٹیاں بالا کی عوام کی رائے یہی ہے کہ احتجاجی سیاست وقتی نفع تو دے سکتی ہے مگر دیرپا قومی ترقی کا راستہ صرف تعلیم، تربیت اور مثبت قومی سوچ میں پوشیدہ ہے۔

Scroll to Top