طلباء ایکشن کمیٹی کا 24 مئی کو یومِ شہدا جلسہ میں بھرپور شرکت کا اعلان

مظفرآباد : طلباء ایکشن کمیٹی نے 24 مئی کو منائے جانے والے یومِ شہدائے عوامی حقوق و حقِ ملکیت کے جلسہ میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر طلبہ نے متعدد مطالبات بھی پیش کیے ہیں جن پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ حکومت اور جامعہ کشمیر کی انتظامیہ اپنے وعدے کے مطابق طلبہ یونین کے انتخابات کا شیڈیول فوری طور پر جاری کرے،اس کے ساتھ ساتھ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے نئی آخری تاریخ 10 جون مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ طلباء ایکشن کمیٹی نے گرمی کی شدت کے پیش نظر کلاس رومز میں ایئر کنڈیشنرز کو فوری طور پر فعال کرنے، مزید واٹر کولرز، بینچز اور بسز کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ طلبہ نے جامعہ میں طلبہ و طالبات پر مشتمل اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیوں کے فوری قیام پر زور دیا تاکہ ہراسگی کی مؤثر روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔  مزید یہ کہ  تمام اسکالرشپ فنڈز کی تفصیلات کو شفاف انداز میں عوام کے سامنے لانے، سابق وائس چانسلر کلیم عباسی پر کرپشن کے الزامات کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کر کے رپورٹ منظر عام پر لانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ طلبہ نے فیس چالان کو ڈیجیٹلائز اور آڈٹ کرنے پر زور دیا تاکہ طلبہ کو واضح ہو سکے کہ کس مد میں کتنی فیس وصول کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا جوابی اقدام،بھارتی ہائی کمیشن کااہلکارناپسندیدہ قرار ،ملک چھوڑنے کا حکم

آخر میں طلبہ نے کیمپسز کی حدود میں تمام طلبہ تنظیموں اور انفرادی طلبہ کو آزادانہ سرگرمیوں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تاکہ طلبہ سیاست کا حقیقی آغاز ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top