SAQIB MAJEED

آرمی چیف ملت اسلامیہ کے ماتھے کا جھومر ،پوری قوم کا مان ہیں ، راجہ ثاقب مجید

مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل )مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا ہماری پاک افواج نے بزدل دشمن کو دلیرانہ جواب دیا اور آپریشن بنیان المرصوص شروع کر کے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے ۔

کشمیر ڈیجیٹل کودیئے گئے انٹرویو میں راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ پاک افواج نے ثابت کیا کہ بھارت بے شک آبادی کے لحاظ سے بڑا ملک ہے لیکن دفاعی لحاظ سے وہ ہماری افواج کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتا،   بھارت نے پہگام فالس فلیگ آپریشن کر کے الزام پاکستان پر لگایا اور حملہ کردیالیکن منہ کی کھانی پڑی۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ افواجِ پاکستان نے جو کہا، وہ کر کے دکھایا: آرمی چیف جنرل عاصم منیر

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے جس کے ثبوت موجود ہیں ،ہماری افواج نے ان کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ بھارت نے سول آبادی پر حملہ کیا جو کہ بزدلانہ اقدام ہے ۔

ہماری افواج نے صرف ہندوستان کو شکست نہیں دی بلکہ رافیل گرا کر فرانس اور روس کو بھی شکست دی اسکے ساتھ اسرائیلی ڈرونز مار گرا کر ہماری بہادر افواج نے صیہونیوں کو شکست فاش سے دوچار کیا ہے ۔

پاکستان نے دفاع کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا آرمی چیف جنرل عاصم منیر ملت اسلامیہ کے ماتھے کا جھومر بن چکے ہیں ،آج وہ پوری قوم کا مان ہیں ہم اس فتح پر شکر ادا کرتے ہیں اور ہم سرخرو ہوئے ۔

انہوں نے کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے ٹرمپ نے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کا اپنا مسئلہ ہے لیکن جب پاکستان نے جب بھارت کوشکست دی تو وہ ٹرمپ سے درخواست کرنے لگے کے سیز فائر کرائیں ۔

رہنما مسلم کانفرنس نے مزید کہا کہ عبرتناک شکست کھانے کے بعد مجھے یقین ہے کہ ہندوستان اب دوبارہ کبھی حملہ کرنے کی غلطی نہیں کرے گا،اب وہ پھر سے پروپیگنڈہ کررہا ہے لیکن دنیا کو اس کے جھوٹ کا پتہ چل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے بھی متاثرین کیلئے بنکرز قائم کرنے کی کہا گیا تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا،اب بھی اگر سنجیدہ قدم اٹھایا جائے تو ایل اوسی پر جہاں جہاں فائرنگ زون ہیں وہاں بنکرز قائم کئے جانے چاہیے ۔

Scroll to Top