وادی لیپہ : عالمی شہرت یافتہ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مظفرآباد پہنچے، جہاں انہوں نے کشمیر سے یکجہتی کے اظہار کے لیے وادی لیپہ کا دورہ کیا۔
شاہد آفریدی نے اپنے دورے کے دوران سب سے پہلے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، جہاں بڑی تعداد میں عوام پہلے سے ہی موجود تھی۔
یادگار پر حاضری کے بعد شاہد آفریدی نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اگر میں اپنے دل کی بات کہوں تو یہ وہ جگہ ہے جہاں جنگ میں پہلا جواب دیا گیا تھا۔ یہاں کے لوگ امن اور محبت والے ہیں۔ یہ ملک امن کے نام پر بنا ہے اور ہمارا دین بھی امن کا درس دیتا ہے۔ میں کراچی سے اس لیے آیا ہوں کہ یہاں کی 75 بریگیڈ اور بالخصوص یہاں کے عوام کا شکریہ ادا کر سکوں۔”
شاہد آفریدی کے دورے پر وادی لیپہ کے عوام اور نوجوانوں میں بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ عوام کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد کے قریب چھتر کلاس کا حسین آبشار، گرمی کی شدت کے ساتھ سیاحوں کا ہجوم بڑھ گیا
بعد ازاں، شاہد آفریدی خیراتی باغ اسٹیڈیم میں نمائشی کرکٹ میچ میں شرکت کریں گے، جہاں انہیں دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ میچ کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور کھیل کو فروغ دینا ہے۔
ان کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں انہوں نے مقامی عوام سے مختصر خطاب کیا اور وادی کے عوام کی محبت و خلوص کا شکریہ ادا کیا۔