پاک بھارت کشیدگی کے بعد فضائی آپریشن بحال، حج پروازیں بھی جاری

پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان کا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معمول پر آگیا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی اور حج پروازوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت 15 ممالک نے پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں، جبکہ ملک بھر میں حج فلائٹ آپریشن بھی تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی ایئر لائن نے آج لاہور اور اسلام آباد کے لیے بھی اپنی پروازیں بحال کر دی ہیں۔ جدہ سے لاہور اور اسلام آباد کی سعودی ایئر کی پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جا رہی ہیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے حج پروازوں کو معمول پر لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاکہ عازمین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق آج سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئی۔ تاہم بحرین، دوحا، سیالکوٹ اور مدینہ اسلام آباد کی قومی ایئر کی پروازیں لاہور منتقل کی گئی ہیں۔

Scroll to Top