اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پہلگام واقعہ کی مذمت اور اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا۔
بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو طاقت کے زور پر کچلنا چاہتا ہے لیکن بھارت آج تک اپنے اس ناپاک ارادے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
امریکہ اور برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر با اثر ممالک آگے بڑھیں اور بھارت کو اُس کے جارحانہ اقدامات سے روکیں اور جنوبی ایشیاء پر جنگ کے منڈ لاتے بادلوں کو کم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
مقبوضہ کشمیر کے غیر مسلح عوام نے اپنے خون کی قربانیاں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہواہے۔ بھارت اپنی ناکامی کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کا سہارا لے کر مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر کر رہا ہے۔
ہم بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت کوایسے جارحانہ اقدامات سے روکے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کومظلوم کشمیری عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔صدر بیرسٹر سلطان سے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی ملاقات، سرحدی کشیدگی سمیت اہم امور پر مشاورت
بھارت ہمیشہ اسی کوشش میں رہا ہے کہ وہ آزادکشمیرکی امن و سلامتی خراب کرکے یہاں پر بد امنی پھیلائے لیکن بھارت کے مقبوضہ کشمیر کے اندر ایسے فالس فلیگ آپریشن کرنے سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مزید تقویت ملتی ہے اور بھارت کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے آشکار ہوتے ہیں۔
لہذا ایسے وقت میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت، حریت کانفرنس (آزادکشمیر چیپٹر) اور بیرون ملک آباد کشمیریوں کو مل کر دنیا کے سامنے بھارت کے مظالم کو بے نقاب کرنا ہو گا تاکہ دنیا بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈوں اور مظالم سے آشناء ہو سکے۔
ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آل پارٹیز حریت کانفرنس (آزادکشمیر چیپٹر) کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حریت کانفرنس کے وفد میں کنونیئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، میڈم شمیم شال، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، میاں مظفر، شیخ عبدالماجد، سید گلشن، منظور احمد ڈار، عدیل مشتاق وانی شامل تھے۔
وفد نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعہ کے بعدکشمیریوں پر بھارت کی طرف سے جاری بربریت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی اور اس سلسلے میں بیرون ملک آباد کشمیریوں کے ساتھ مل کرمزید متحرک انداز میں بین الاقوامی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کے لئے کام کرنا ہو گا۔