صدر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کا وادی نیلم کےعوام اور افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

مسلم کانفرنس یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے صدر سردار عثمان عتیق وادی نیلم پہنچ گئے جہاں انہوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے کشمیری عوام اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیا کہ کبھی بھول کر بھی غلطی مت کرنا، ایسا نہ ہو کہ اب کی بار کی گئی غلطی کا خمیازہ تمہاری آنے والی سات نسلوں کو بھگتنا پڑے۔

سردار عثمان عتیق کا کہنا تھا کہ وادی نیلم کی تاریخ جرات و قربانی سے بھری پڑی ہے، جہاں عوام نے پندرہ سال تک بھارتی فائرنگ کا سامنا کیا لیکن کبھی پیٹھ نہیں دکھائی اور افواجِ پاکستان کی پشت پر کھڑے رہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی کشمیری غیرت اور تشخص پر پہرہ دیں۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پرامن ضرور ہیں مگر جواب دینا بھی خوب جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی کمانڈ مضبوط ہے اور 40 لاکھ سے زائد ریٹائرڈ فوجیوں نے ایک بار پھر وردیاں پہن لی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں لڑنا پڑا تو ہم یا تو شہید ہوں گے یا غازی، کیونکہ بھارت کے ساتھ کشمیریوں کے پرانے حساب کتاب ہیں جو اب ہم نے چکانے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے آرمی چیف کو تو سن لیا ہو گا، ہمارے کور کمانڈر ہمارا کشمیری فخر ہیں اور آج تمام کشمیری ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باغ میں ریسکیو کا عملی مظاہرہ، نوجوانوں کو فرسٹ ایڈ و ریسکیو کی تربیت دی گئی

آخر میں سردار عثمان عتیق نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غزہ نہیں ہے، یہ کشمیر ہے — کسی بھول میں نہ رہنا!

Scroll to Top