پہلگام واقعہ پر بھارتی الزامات مسترد، اب دنیا ان کے بہکاوے میں نہیں آئے گی: سپیکر اسمبلی

مظفرآباد :سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے وزراء حکومت سردار جاوید ایوب اور بازل نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پہلگام واقعہ پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی پرانی روش ترک کرے، اب دنیا اُس کے جھوٹے بیانیے میں نہیں آئے گی۔ سپیکر نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف نہایت حوصلہ افزا ہے، جنہوں نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے جو دوٹوک موقف اختیار کیا، اُنھوں نے بھارت کو تکلیف میں ڈال دیا ہےجس کے بعد اب وہ بے بنیاد پراپیگنڈے پر اُتر آیا ہے۔

چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کے لیے بھارت تاحال تیار نہیں، بلکہ اس معاملے سے راہِ فرار اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں مگر اس کے برعکس پہلگام واقعہ میں ہندوستان جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے اب دنیا ان سے شواہد مانگ رہی ہے تو وہ بھاگ رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو مجھے پاکستان کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے، سردار عتیق احمد خان

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کے بروقت اقدامات کی وجہ سے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Scroll to Top