سرحد پار کشیدگی، وادی نیلم میں سیاحت اور معمولات زندگی جاری

وادی نیلم :حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے باعث کئی سرحدی بھارتی دیہات خالی کروا لیے گئے ہیں، تاہم آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں معمولات زندگی بدستور جاری ہیں اور کنٹرول لائن سے متصل علاقے سیاحوں سے آباد اور زندگی سے بھرپور نظر آتے ہیں۔

کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے کے مطابق وادی نیلم کے سرحدی علاقوں میں مقامی لوگ اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہیں جبکہ کراچی اور ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے سیاح بھی یہاں کے پُرفضا ماحول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

کراچی سے آنے والے سیاحوں کا کہنا تھاکہ ہم یہاں 7 سے 8 دن سے موجود ہیں، ہمیں پاک فوج پر مکمل اعتماد ہے۔ پاکستانی قوم بہادر ہے اور ہم ہمیشہ سے اپنی فوج کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ یہاں کا ماحول خوشگوار ہے، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد!”

ادھرمقامی شہری بھی مکمل مطمئن ہیں ان کے مطابق کنٹرول لائن پر فائرنگ ہونا یہاں کوئی نئی بات نہیں، ہم ہمیشہ ہی سے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے آئے ہیں ،مقامی افراد کا مزید کہنا تھا کہ نیلم ویلی کے عوام نے ہمیشہ پاک فوج اور دیگر اداروں کے شانہ بشانہ بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کیا ہے۔نیلم ویلی کے عوام کا ایمان تازہ ہے، ہم اپنے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ ہمیں اللہ کا ڈر ہے، دشمن کا نہیں!

یہ بھی پڑھیں: بائیکیا رائیڈر کو تشدد کا نشانہ بنا کر موٹر سائیکل چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

بھارت کی جانب سے سرحدی کشیدگی کے بعدسرحدی گاوں خالی کروا دئیے جانے کے برعکس، وادی نیلم میں مکمل سکون اور سیاحت کا ماحول قائم ہے۔ عوام کا جذبہ اور پاک فوج پر اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن کی کوئی بھی چال کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔

Scroll to Top