وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے راجہ نثار احمد شاہق کی اہم ملاقات

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما اور حلقہ وسطی باغ سے امیدوار راجہ نثار احمد شاہق نے اپنے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر مذہبی امور و حج و اوقاف سردار محمد یوسف سے قومی اسمبلی چیمبر میں اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں نہ صرف خطے کی سیاسی صورتحال بلکہ ماڈل مساجد، نوجوانوں کے لیے کھیل و سیاحت کے مواقع اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

یہ اہم ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی، جس میں راجہ نثار احمد شاہق کے ہمراہ ایک نمائندہ وفد نے آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات، ماڈل مسجد کے کردار، اور آزاد کشمیر و ہزارہ ڈویژن میں یوتھ اسپورٹس اور سیاحت کے فروغ پر اپنے خیالات پیش کیے۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار ماضی کی طرح اس بار بھی ایک نیا ڈرامہ رچا رہی ہے تاکہ عالمی توجہ اصل حقائق سے ہٹائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی رافیل طیاروں کی مقبوضہ کشمیر میں فضائی نگرانی، پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی سے طیارے واپس

انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کی دھمکیوں کے باوجود پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یوسف نے ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے کھیل، تعلیم اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوان نسل کا کلیدی کردار ہو۔

Scroll to Top