پاک فضائیہ نے اہنی شکن PL-15 میزائلوں سے لیس جدید لڑاکا طیارے سوات اور سکردو ایئرپورٹ پہنچا دیے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — پہلگام فالس فلیگ واقعے اور بھارت کی جانب سے الزامات و دھمکیوں کے بعد پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی تیاری کرتے ہوئے PL-15 میزائلوں سے لیس اپنے جدید ترین لڑاکا طیارے سوات اور سکردو ایئرپورٹس پر تعینات کر دیے ہیں۔ یہ اقدام کسی بھی ممکنہ بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی اور ملٹی ڈومین صلاحیتوں سے لیس پاک فضائیہ ایک ایسی پیشہ ور قوت بن چکی ہے جسے معاصر فضائی جنگ کی صفِ اول کی افواج میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک افواج اپنی غیر متزلزل مہارت، پیشہ ورانہ قابلیت اور ہمہ وقت جنگی تیاری کے اعلیٰ ترین معیارات کے ساتھ پرعزم ہے۔

حال ہی میں جے-10 سی اور جے ایف-17 بلاک تھری جیسے جدید ترین لڑاکا طیاروں اور دور تک مار کرنے والے PL-15 میزائلوں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیت اور اسٹریٹجک ڈیٹرنس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ جدید ترین فضائی دفاعی نظام دشمن کے لیے ایک دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود ناقابلِ تسخیر ہیں اور ملک کا آسمان مکمل طور پر محفوظ ہے۔

سیدو سے پسنی تک پاک فضائیہ دن رات نگرانی اور فوری ردعمل کی صلاحیت کے ساتھ دفاعِ وطن کا ناقابلِ تسخیر مظاہرہ کر رہی ہے۔ زبردست فوجی قیادت کی رہنمائی میں پاک فضائیہ نے ایک انقلابی جدید مہم کا آغاز کیا ہے جس میں نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجیز کو شامل کیا گیا ہے۔

پاک فضائیہ نے ہائی ٹیک ایریل پلیٹ فارمز، ہائی ٹو میڈیم آلٹیٹیوڈ ایئر ڈیفنس سسٹمز (HIMADS)، بغیر پائلٹ لڑاکا فضائی گاڑیاں (UCAVs) کے ساتھ ساتھ خلائی، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور مصنوعی ذہانت پر مبنی آپریشنز کو بھی اپنی قوت کا حصہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا گیا، پاک فوج کی بروقت کارروائی

پاک فضائیہ ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ قومی خودمختاری کے تحفظ، دشمن کی جارحیت کو روکنے اور طاقت کے ذریعے امن کے قیام کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ جرات، جدیدیت اور پختہ لگن  کے ساتھ پاک فضائیہ ہر آزمائش کا سامنا کرنے کو تیار ہے، تاکہ پاکستان  ہمیشہ محفوظ رہے۔

Scroll to Top