سرفراز احمدکی ٹیم میں غیر موجودگی پر عمر اکمل نے چپ توڑ دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی قومی ٹیم سے غیر موجودگی پر کرکٹر عمر اکمل نے خاموشی توڑی ہے جبکہ سرفراز پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اپنی پوزیشن پہلے ہی واضح کر چکے ہیں ۔

نجی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر عمر اکمل نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد اگر کچھ معاملات میں جلد بازی نہ دکھاتے تو آج بھی پاکستان ٹیم کا حصہ ہوتے۔ عمر اکمل کے مطابق سرفراز کو چاہئے تھا کہ وہ اپنی حیثیت اور اختیارات کا مضبوطی سے دفاع کرتے، جیسا کہ شاہد آفریدی اور یونس خان نے اپنے ادوار میں کیا تھا۔

عمر اکمل نے مزید کہا کہ شاہد بھائی اور یونس بھائی نے نہ صرف طویل عرصہ کپتانی کی بلکہ اپنی ٹیم کو متحد بھی رکھا۔ اگر سرفراز احمد اسی انداز میں اپنی اتھارٹی قائم رکھتے تو آج بھی پاکستان ٹیم کی قیادت کر رہے ہوتے اور ٹیم پہلے کی طرح ٹی ٹوئنٹی میں دنیا کی نمبر ون ٹیم ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز کی قیادت میں ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور پاکستان کا نام روشن کیا، ورنہ آج ہم یہ نہ سوچتے کہ افغانستان جیسی ٹیم سے سیریز جیتنا ایک کامیابی ہے۔

دوسری جانب، سرفراز احمد پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر اپنا مؤقف پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ انہوں نے تاحال کوئی باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔ مقامی اسپورٹس ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں سرفراز احمد نے واضح کیا کہ وہ ابھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں اور جب دل سے محسوس کریں گے کہ وقت آگیا ہے، تب ہی اس حوالے سے قدم اٹھائیں گے۔

سرفراز نے بتایا کہ کرکٹ سے دور رہنا ایک پیشہ ور کھلاڑی کے لیے نہایت تکلیف دہ ہوتا ہے کیونکہ جب زندگی کا بڑا حصہ کھیل کے میدان میں گزرا ہو تو اچانک کنارہ کشی آسان نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر دستیاب موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں اور ابھی بھی کرکٹ میں واپسی کی امیدیں قائم رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سرحد پر سینہ تان کر کھڑے لوگ ، وادی لیپہ کے باسیوں کا ناقابل تسخیر حوصلہ

سابق کپتان نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں نظر انداز کیے جانے کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور وہ آئندہ آنے والے مواقع میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور وہ بھی ہر میچ میں اپنی مکمل محنت اور جذبے کے ساتھ بھر پور کوشش کرتے ہیں۔

Scroll to Top