مظفرآباد / اسلام آباد : صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مالی سال 2024-25 کی سالانہ آڈٹ رپورٹ ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پیش کی گئی۔ یہ رپورٹ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ آزاد جموں و کشمیر محمد سعید اللہ خان نیازی نے آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 50 الف (6) کے تحت پیش کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آڈٹ نے صدر ریاست کو شعبہ آڈٹ کی سالانہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف مالی امور اور ادارہ جاتی شفافیت کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آڈٹ نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں آڈٹ کے نظام کو مزید مؤثر اور صاف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کے لیے تمام تر وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں تاکہ مالی معاملات میں جوابدہی اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔
صدر ریاست نے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ حکومت آزاد کشمیر مالی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے ادارہ آڈٹ کے ساتھ مکمل اشتراک کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سیز فائر لائن پر جنگی ماحول خطے کے مفاد میں نہیں: وزیر سیاحت آزادکشمیر
ملاقات کے دوران صدر ریاست اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔