بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف آزاد کشمیر سراپا احتجاج، ریلیاں

بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کا جھوٹا پروپیگنڈہ آزاد کشمیر کے عوام نے سختی سے مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آج آزاد کشمیر بھر میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی جارہی ہیں، وادی لیپہ، مظفرآباد، باغ ،چکوٹھی بازار،بھمبر،تتہ پانی اور وادی نیلم میں بھارت کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام، طلبہ، اساتذہ اور تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی۔

وادی لیپہ: اقوامِ متحدہ کے مبصرین کی موجودگی میں بھارت مخالف احتجاج

وادی لیپہ میں اس وقت صورتحال پرجوش ہو گئی جب اقوام متحدہ کے مبصرین کا دورہ جاری تھا۔ اس موقع پر عوام علاقہ وادی لیپہ نے سڑکوں پر گاڑیاں روک کر بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے “پاکستان سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ”، “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “گو انڈیا گو بیک” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پوری وادی گونج اٹھی۔ عوام نے عالمی برادری کو پیغام دیا کہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ یہاں قابل قبول نہیں۔

مظفرآباد: طلبہ اور اساتذہ کی قیادت میں احتجاجی ریلی

آج گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول نمبر 1 نزد اپر اڈہ مظفرآباد میں پرنسپل شاہد گیلانی کی زیرِ قیادت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی صبح 10:15 بجے سکول گراؤنڈ سے شروع ہوئی، جو اپر اڈہ، سٹی کیمپس اور یونیورسٹی چوک سے ہوتی ہوئی 10:40 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں طلبہ اور سکول اسٹاف نے بھرپور شرکت کی اور “انڈیا مردہ باد”، “مودی سرکار مردہ باد”، “پاکستان زندہ باد” اور “پاک آرمی زندہ باد” جیسے زوردار نعرے لگائے۔ مقبوضہ کشمیر میں جھوٹے فالس فلیگ اپریشن کا الزام پاکستان اور افواج پاکستان پر لگانے کے خلاف مظفرآباد ڈی سی آفس سے ریلی نکالی گئی ۔ جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

وادی نیلم: ضلع بھر میں بھارت مخالف مظاہرے

بھارتی الزامات کے خلاف وادی نیلم کے شہری بھی سراپا احتجاج بن گئے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کے الزام پاکستان اور افواج پاکستان پر لگانے کے خلاف عوامی ردِعمل شدت اختیار کر گیا۔ ضلع بھر کے چھوٹے بڑے تجارتی مراکز میں بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پہلگامزن میں نہتے سیاحوں کے قتل عام کی بھرپور مذمت کی۔

باغ کے عوام سڑکوں پر نکل آئے

بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کے خلاف باغ کی عوام سڑکوں پر نکل آئی۔ بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی۔پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرہ سے فضاء گونج اٹھی۔

چکوٹھی بازار میں بھارت کے خلاف احتجاج، عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ

لائن آف کنٹرول چکوٹھی بازار میں شہریوں کی جانب سے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے شرکاء اور رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج اور خفیہ اداروں کی جانب سے کیے جانے والے فالس فلیگ آپریشنز کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور کشمیریوں کی نسل کشی فوری طور پر روکی جائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے جارحیت کی، تو کشمیری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر منہ توڑ جواب دے گی۔ شرکاء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کشمیری اپنی آزادی کی تحریک سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوا کر اس دیرینہ تنازعے کا مستقل حل نکالے۔

تتہ پانی میں سیز فائر لائن کے قریب مظاہرہ
تتہ پانی میں شہریوں نے سیز فائر لائن کے قریب جمع ہو کر بھارت کے جارحانہ رویے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم پر آواز اٹھائی اور عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا دفاع کیا جائے گا۔

بھمبر میں ہاتھی گیٹ پر عوامی اجتماع
بھمبر میں ہاتھی گیٹ کے مقام پر شہریوں نے ریلی نکالی، جس میں بھارت کے بے بنیاد الزامات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی۔

شرکاء نے افواجِ پاکستان سے مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کشمیری آزادی کے مقصد سے وابستگی کا اعادہ کیا۔

 

 

Scroll to Top