اٹھمقام میں آوارہ کتوں کا راج، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کے احاطے میں حملہ، 25 افرادزخمی

وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام میں آج صبح آٹھ بجے کے قریب آوارہ کتوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال اٹھمقام کے احاطے میں پیش آیا، جہاں کتوں نے 20 سے 25 بچوں، بڑوں پر حملہ کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق جب زخمی بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں کوئی بھی طبی عملہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آوارہ کتوں نے صرف بچوں کو ہی نہیں بلکہ ہر عمر کے افراد کو نشانہ بنایااور اس وقت ضلع بھر میں آوارہ کتوں کا راج قائم ہو چکا ہے۔ خاص طور پر اسکول جانے والے بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

شہریوں نے بتایا کہ بلدیہ اٹھمقام میں حال ہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے زہر منگوانے کی منظوری دی گئی ہے۔ زہر ایک مخصوص عمل کے تحت حاصل کیا جاتا ہے اور جلد ہی یہ پہنچا دیا جائے گا۔ عوام نے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی نیلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پورے علاقے میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جو آوارہ کتوں کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی اٹھمقام کی نااہلی کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھمقام کے ایم ایس سجاد مغل کی ہدایت پر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین واجد نورانی بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں ۔ اسپتال میں شہریوں کا رش لگ گیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری توجہ دے اور عوام کو آوارہ کتوں کے خطرے سے نجات دلائے۔ ایک لڑکے نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کتے کو بھگا یا، لیکن اس قسم کے واقعات کے روک تھام کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

Scroll to Top