ہر وقت پیاس محسوس ہوتی ہے تو یہ کس سنگین مرض کی نشانی ہوسکتی ہے؟

پیاس کا احساس ہمارے جسم کا ایسا ذریعہ ہے جو بتاتا ہے کہ اسے پانی کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا کام درست طریقے سے کرسکے،گرم موسم یا جسمانی مشقت کے بعد پیاس لگنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔

مگر جب آپ کو مسلسل پیاس کا احساس ہو اور پانی پینے کے بعد بھی سکون محسوس نہ ہو تو یہ کسی طبی مسئلے کی نشانی ہوسکتی ہے وہ وجوہات جانیں جو ہر وقت پیاس کا احساس دلانے کے پیچھے چھپی ہوسکتی ہیں۔

ڈی ہائیڈریشن
ڈی ہائیڈریشن کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے جسم کو پانی کی کمی کا سامنا ہو رہا ہے اور اسے اپنے معمول کے افعال کیلئے مناسب مقدار میں پانی دستیاب نہیں۔

پیاس ڈی ہائیڈریشن کی بنیادی علامت ہے اور جسم کو ڈی ہائیڈریشن کا سامنا متعدد وجوہات کے باعث ہوسکتا ہے جیسے ورزش، ہیضہ، قے اور بہت زیادہ پسینے کا اخراج وغیرہ۔

پیاس کے علاوہ ڈی ہائیڈریشن کی دیگر علامات میں پیشاب کی گہری رنگت، معمول سے کم پیشاب آنا، منہ خشک ہونا، جِلد خشک ہونا، تھکاوٹ یا سر چکرانے کا احساس اور سر درد شامل ہیں۔

ذیابیطس
چونکہ ذیابیطس کے مریض بہت زیادہ پیشاب کرتے ہیں، اس کی وجہ سے انہیں پیاس بھی بہت زیادہ لگتی ہے۔اسی طرح بلڈ شوگر کی سطح بڑھنے پر جسم شکر کو خارج کرنے کے لیے ٹشوز سے پانی کو کھینچتا ہے۔

پانی سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے اور کچرے کو خارج کرنے میں مدد ملتی ہے، مگر جب ٹشوز سے پانی کو کھینچا جاتا ہے تو دماغ ہمیں ہر وقت پیاس لگنے کا سگنل بھیجتا رہتا ہے۔

منہ خشک ہونا
منہ خشک رہنے سے بھی ہر وقت پیاس کا احساس ہوسکتا ہے کیونکہ ہمارا منہ ناکافی مقدار میں لعاب دہن بنا رہا ہوتا ہے۔ایسا ادویات کے استعمال کے باعث ہوسکتا ہے، تمباکو نوشی یا اعصاب کو نقصان پہنچنے پر بھی ایسا ہوتا ہے۔

منہ خشک ہونے کی دیگر علامات میں سانس کی بو، ذائقے کی حس تبدیل ہونا، مسوڑوں میں خارش کا احساس ہونا، لعاب دہن گاڑھا ہونا اور چبانے میں مشکل محسوس ہونا قابل ذکر ہیں۔

خون کی کمی
خون کی کمی کے دوران ہمارے جسم میں خون کے صحت مند سرخ خلیات کی کمی ہو جاتی ہے۔خون کی کمی کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں کوئی مرض، ناقص غذا یا دیگر۔

خون کی کمی زیادہ ہونے پر ہی ہر وقت پیاس کا احساس برقرار رہتا ہے جبکہ سر چکرانے، تھکاوٹ اور کمزوری، جِلد کی رنگت زرد ہونا، نبض تیز ہونا اور پسینے کا اخراج دیگر نمایاں علامات ہیں۔

جسم میں کیلشیئم کی مقدار بڑھنا
خون میں کیلشیئم کی مقدار معمول سے زیادہ ہو تو بھی پیاس ہر وقت محسوس ہونے لگتی ہے جبکہ ہر وقت پیشاب آنا، بدہضمی، قے اور متلی، قبض، ہڈیوں میں تکلیف، مسلز کی کمزوری، ڈپریشن اور ذہنی الجھن جیسی علامات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

ہر وقت پیاس کی دیگر وجوہات
مرچوں یا نمکین غذاؤں کا زیادہ استعمال، زیادہ مقدار میں خون بہنا، ایسی ادویات کا کھانا جن کے استعمال سے شدید پیاس کا احساس ہو یا تھائی رائیڈ کے زیادہ متحرک ہونے سے بھی اس مسئلے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

Scroll to Top