مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان اور وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے شاعر مشرق، مفکر اسلام ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 87 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کیا اور ایک آزاد اسلامی ریاست کا تصور پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے اور ہمیں ان کے افکار کو اپنی نئی نسل تک پہنچانا چاہیے تاکہ وہ خودی، خود اعتمادی اور قومی وحدت کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک و ملت کی خدمت کریں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔اعلیٰ تعلیم کا خواب پورا کرنیکی کوشش،آزادکشمیر کے 78سالہ بزرگ نے یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کا درس دیا، جو آج کے دور میں بھی ہماری کامیابی کی کنجی ہے ۔
صدر اور وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نہ صرف عظیم شاعر ، عظیم مفکر، فلسفی، سیاسی قائد بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک روحانی اور فکری رہنما بھی تھے۔
جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ آزادی دکھایا اور اُن کے دلوں میں خودی، حریت اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا۔ اقبالؒ کی فکر نے ایک نئی سوچ اور سمت عطا کی جس کا نتیجہ بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں سامنے آیا۔
علامہ اقبال نے بحیثیت فرزند کشمیر کشمیریوں کے جذبات واحساسات کی ترجمانی کی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو فکری بنیاد بھی فراہم کی۔
صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم نے کہا کہ اقبالؒ نے ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کا حقیقی سرمایہ قرار دیا اور اُنہیں بلند حوصلہ، علم، کردار اور خوداعتمادی کے ساتھ میدانِ عمل میں اترنے کا پیغام دیا۔