نیلم ویلی میں تیندوے کی دہشت، 20 بکریاں ہلاک ، عوام کی حکومت سے مدد کی اپیل

نیلم ویلی میں کئی ماہ سے آزاد گھومنے والا تیندوا مقامی آبادی کے لیے خوف و ہراس کی علامت بن گیاہے، جس نے اب تک 20 بکریوں کو ہلاک کر کے لوگوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تیندوے نے حالیہ حملوں میں 20 سے زائد بکریوں کو نشانہ بنایا، جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مرنے والی بکریوں میں 10 ارشاد دار ولد شریف دار کی ملکیت تھیں اور دیگر 10 عباس ولد نذک خان کی تھیں ، جنہیں تیندوے نے ہلاک کر دیا۔

مسلسل حملوں نے علاقے میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے، جہاں مقامی افراد نہ صرف اپنے مویشیوں بلکہ اپنی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی فکر مند ہیں۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تیندوے کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

عوام کا کہنا ہے کہ حکام فوری طور پر تیندوے کو محفوظ طریقے سے پکڑ کر کسی اور مقام پر منتقل کریں تاکہ انسانی اور حیوانی آبادی دونوں محفوظ رہ سکیں۔

Scroll to Top