تتہ پانی :کوٹلی، میرپور اور پونچھ کے سنگم پر واقع لاکھوں کی آبادی پر مشتمل علاقے تتہ پانی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا سٹڈی اور امتحانی سینٹر نہ ہونے کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوں اور طالبعلموں نے یونیورسٹی انتظامیہ اور آزاد جموں و کشمیر بورڈ کے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
تتہ پانی میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ڈگری کالجز اور ہائی سکولز تو موجود ہیں، مگر بدقسمتی سے یہاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا کوئی سٹڈی یا ایگزام سینٹر قائم نہیں۔ نتیجتاً، سینکڑوں طلبہ و طالبات کو ہر سیشن میں ورکشاپس اور امتحانات کے لیے کوٹلی یا ہجیرہ جیسے دور دراز علاقوں کا سفر کرنا پڑتا ہے۔
مقامی طلبہ کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں جب امتحانات شام پانچ بجے کے بعد ختم ہوتے ہیں تو واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ میسر نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے غریب طلبہ خصوصاً طالبات کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نہ صرف وقت کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ والدین کو اضافی مالی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پاسپورٹ پر 33 ممالک کا بآسانی سفر ممکن، ویزا درکار نہیں
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ تتہ پانی تین اضلاع ، کوٹلی، میرپور اور پونچھ کے سنگم پر واقع ہے اور یہاں تمام بنیادی سہولیات بشمول امتحانی ہال اور تعلیمی ادارے موجود ہیں، لہٰذا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، آزاد کشمیر بورڈ مظفرآباد اور میرپور بورڈ کے حکام کو چاہیے کہ فوری طور پر تتہ پانی میں سٹڈی اور امتحانی سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے۔
مقامی افراد پرامید ہیں کہ اس بار ان کا دیرینہ مسئلہ سنا جائے گا اور متعلقہ ادارے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد مثبت اقدام کریں گے۔