واشنگٹن:امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف ایک بار پھر عوامی ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے تحت مختلف ریاستوں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ہے جو ٹرمپ حکومت کے اقدامات کو غیرجمہوری اور عوام دشمن قرار دے رہے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرے “50501 موومنٹ” کے تحت منظم کیے گئے ہیں، جس کا مقصد پورے ملک کی 50 ریاستوں میں ایک ساتھ احتجاجی مظاہرے کرنا ہے۔ اس تحریک کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ امریکا کی تمام ریاستوں میں شہری اپنی آواز بلند کریں تاکہ حکومت کو عوامی احساسات کا اندازہ ہو۔
مظاہروں کا آغاز واشنگٹن ڈی سی سے ہوا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے شہر کے اہم مقامات پر جمع ہو کر بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اسی طرح نیویارک، فلوریڈا، ٹیکساس، کیلیفورنیا اور دیگر کئی ریاستوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں شریک مظاہرین ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
50501 موومنٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ تحریک اس لیے شروع کی گئی ہے تاکہ امریکی عوام اپنی جمہوری طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں جوغیرجمہوری اور آئینی اصولوں کے منافی ہوں۔