پاکستان کے مختلف علاقوں بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مردان، اور آزاد کشمیر میں آج دو پہر 11.47 پرزلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان ، تاجکستان کا بارڈر تھا ، جس کی گہرائی زمین کے اندر 94 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9ریکارڈ کی گئی اور جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 94 کلو میٹر اور اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا بارڈر تھا، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ دفاتر، اسکولوں، دکانوں اور دیگر عوامی مقامات پر موجود افراد نے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے میدانوں میں پناہ لی۔ خوش قسمتی سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مظفرآباد ، وادی نیلم ،باغ ،ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام کے علاوہ کٹن، کنڈل شاہی، شاردہ، کیل اور ہلمت جیسے سیاحتی و رہائشی علاقوں میں بھی جھٹکوں کی شدت محسوس کی گئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں کئی سیکنڈز تک جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری گھبرا کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکلے۔لاہور میں بھی زمین لرزنے کے باعث شہریوں میں خوف پھیل گیا۔پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کا اثر دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چونکہ زلزلے کی گہرائی 94 کلومیٹر تھی، اس لیے جھٹکے دور دراز علاقوں تک محسوس کیے گئے۔ تاہم گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے نقصان کی شدت کم رہی۔
مزید معلومات محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جلد جاری کی جائیں گی۔