مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے تمام 10 اضلاع میں 21 اپریل سے پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 42,571 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
AJK محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ یہ مہم ملک بھر میں جاری قومی مہم کا حصہ ہے اور آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، نیلم، وادی جہلم (ہٹیاں بالا)، باغ، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھرپور انداز میں چلائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق مہم کے دوران 4058 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ اس کے علاوہ 450 فکس سینٹرز (مقامی اسپتالوں و مراکز صحت) اور 163 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ ہر بچے تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ یہ مراکز، ٹیمیں اور پوائنٹس صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک فعال رہیں گے۔
مہم کی نگرانی کے لیے 326 یونین کونسل سپروائزرز اور 946 ایریا انچارجز تعینات کیے گئے ہیں، جو ٹیموں کو موقع پر درکار سامان فراہم کریں گے۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر دفاتر میں پولیو کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، جب کہ مرکزی سطح پر پروگرام مینیجر PI آفس مظفرآباد میں بھی ایک کنٹرول روم قائم ہے، جس کا رابطہ نمبر 05822-920791 ہے۔
انسداد پولیو مہم کی مرکزی نگرانی عالمی ادارہ صحت (WHO)، فیڈرل EPI اسلام آباد اور محکمہ صحت عامہ کے افسران کریں گے۔ والدین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں، اور اگر کسی وجہ سے کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو فوری طور پر متعلقہ ضلعی کنٹرول روم کو اطلاع دی جائے۔
ترجمان کے مطابق مہم کو “گھر گھر ہم” کے عنوان سے چلایا جا رہا ہے، جس میں ہر بچے کو بغیر رکے پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
اس موقع پر پروگرام مینیجر ای پی آئی آزاد کشمیر ڈاکٹر سردار منظور حسین نے کہا کہ ریاست آزاد جموں و کشمیر گزشتہ 24 سال سے پولیو فری ہے، اور اس کامیابی کا سہرا حکومت آزاد کشمیر، ممبران اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، میڈیا، صحافیوں اور عوام کے بھرپور تعاون کو جاتا ہے۔
ڈاکٹر منظور نے کہا کہ اس قومی مہم کا مقصد پاکستان بھر سے پولیو کا خاتمہ ہے، جس کے لیے آزاد کشمیر میں ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ، وکلا، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور قومی فریضہ ادا کریں۔
ڈاکٹر منظور نے میڈیا سے بھی گزارش کی کہ وہ اس قومی فرض میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوام میں آگاہی مہم کو فروغ دیں تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔