حسن علی نے پی ایس ایل میں وہاب ریاض کا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی!

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں جمعہ کے روز کھیلے گئے اہم میچ میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولربن گئے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر محض 119 رنز ہی بنا سکی، یوں کراچی نے یہ میچ 56 رنز کے واضح مارجن سے اپنے نام کیا۔

کراچی کنگز کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر حسن علی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اپنی اس شاندار بولنگ کے دوران حسن علی نے ایک تاریخی اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری، متعدد مکانات کو نقصان

حسن علی نے کوئٹہ کے بیٹر حسن نواز کو صرف ایک رن پر آؤٹ کر کے پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی انہوں نے وہاب ریاض کا ریکارڈ توڑ ڈالا، جنہوں نے پی ایس ایل میں 87 اننگز کے دوران 113 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

حسن علی اب تک 84 اننگز میں 116 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف مستقل مزاج بولر ہیں بلکہ بڑے میچز میں پرفارم کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

Scroll to Top