لیپہ ویلی : لیپہ ویلی میں گزشتہ شام موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شدید لینڈ سلائیڈنگ اور درختوں کے گرنے سے اہم سڑکیں بند ہو گئیں۔ ریشیاں-لیپہ روڈ اور لمنیان-ریشیاں روڈ پر کئی مقامات پر ملبہ گرنے سے راستے بند ہو گئے جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو علاقے کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ شاہرات کے مطابق لمنیان-ریشیاں روڈ پر کم از کم چار مقامات پر سڑک مکمل طور پر بند ہو چکی ہے جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور درختوں کے گرنے سے گاڑیوں کی آمد و رفت ممکن نہیں رہی۔ فوری طور پر بھاری مشینری روانہ کر دی گئی ہے، تاہم خراب موسم اور مسلسل بارش نے راستوں کی بحالی کے کام میں شدید رکاوٹ پیدا کی ہے۔ ریشیاں-لیپہ روڈ سے تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہو سکی کیونکہ اس علاقے میں موبائل نیٹ ورک مکمل طور پر بند ہے۔ تاہم مقامی حکام کو شبہ ہے کہ وہاں بھی صورتحال لمنیان-ریشیاں روڈ سے مختلف نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق فی الحال صرف لمنیان-ریشیاں روڈ کی بحالی پر کام جاری ہے اور اس کے بعد ہی مشینری کو ریشیاں-لیپہ روڈ پر منتقل کیا جائے گا۔ رات کے وقت مزید لینڈ سلائیڈنگ، پتھروں کے گرنے اور درختوں کے جھکنے کے خطرے کے پیش نظر صفائی کے کام کو معطل کیا گیا ہے۔ ایس ڈی او شاہرات جہلم ویلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال لیپہ ویلی کی جانب سفر سے گریز کریں کیونکہ سڑکوں کی صورتحال خطرناک ہے اور کسی بھی وقت حادثہ پیش آ سکتا ہے۔
محکمہ شاہرات کے مطابق صفائی کا کام آج صبح 4 بجے دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ جلد از جلد سڑکوں کو بحال کیا جا سکے۔ آزاد جموں و کشمیر کی ضلعی انتظامیہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور آئندہ پیشرفت سے متعلق مزید معلومات جاری کرے گی۔