مظفرآباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان، جس میں انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی “شہ رگ” قرار دیا، نے آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت پورے ملک میں ایک نئی امید اور جذبے کو جنم دیا ہے۔ یہ بیان کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنا ہے اور ان کے دلوں میں پاکستان سے وابستگی کو مزید مضبوط کیا ہے۔
شہریوں نے آرمی چیف کے اس جرات مندانہ موقف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ عوامی تاثرات میں جذبہ حب الوطنی اور پاک فوج سے بے پناہ عقیدت جھلکتی ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سےعوام کے حوصلے بلند ہوئےہیں کشمیری بائے چوائس پاکستانی ہیں۔ کشمیری عوام میں پاک فوج کی محبت اور بڑھ گئی ہے۔ کشمیریوں کو افواج پاکستان اور پاکستان کے ساتھ دل کی اتاہ گہرائیوں کے ساتھ محبت ہے۔ کشمیری سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان ہمارا فخر ہے، ہم سید علی گیلانی کے نعرے کے ساتھ ہیں: ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔”
ایک اور شہری نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی بات کی میں بھرپور تائید کرتا ہوں۔ پوری پاکستانی قوم کشمیر کے ساتھ اس بات پر کھڑی ہے۔ بابائے قوم نے فرمایا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔ کئی شہریوں نے بیان پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے بیان پر ہمیں فخر ہے۔ ان کا کل کا بیان ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ ہماری چیف صاحب سے گزارش ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو جلد از جلد حل کریں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہم ایک کلمے کے پیچھے، ایک جھنڈے تلے ایک ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب دشمن زیر ہوگا۔ ہم پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں جو ملک کی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ہر چپے چپے پر جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ پاک فوج زندہ باد۔ کشمیر کی ایک خاتون شہری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے حالیہ بیان” کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” سے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بھی حوصلہ بلند ہوا ہے۔ میں اس بیان کی وجہ سے تمام کشمیریوں کی جانب سے پاک آرمی کا شکریہ ادا کرتی ہوں وہ ہمارے لیے اتنا اچھا کام کر رہے ہیں۔
آرمی چیف کے اس بیان نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں اور پوری قوم کو ایک مرتبہ پھر یکجہتی اور عزم کا پیغام دیا ہے۔ کشمیری عوام نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے، دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیر آج بھی “پاکستان کا دل” ہے اور ہمیشہ رہے گا۔