کرپشن یا لاپرواہی؟محکمہ خوراک حویلی کا گودام 15 سالوں میں بھی تعمیر نہ ہوسکا

حویلی ( کشمیر ڈیجیٹل )محکمہ خوراک حویلی کا گودام سالوں بیت جانے کے باوجود تعمیر نہ ہوسکا،گودام کی تعمیر مکمل نہ ہونے سے ضلعی ہیڈکواٹر میں آٹا محفوظ کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں ۔

کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق ایرا کے زیر انتظام اس پراجیکٹ کاکام2009 میں شروع کیا گیا لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر ایک سال کے بعد یعنی 2010 میں کام بند کردیا گیا ۔

منصوبے کو 15 سال بیت چکے ہیں لیکن کام تاحال پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا،کروڑوں روپے کا پروجیکٹ مبینہ طور پر کرپشن کی نذر ہوگیا ہے،وزیر اعظم معائنہ عملدر آمد کمیشن کے چیئر مین نے بھی دوبار بلڈنگ کا معائنہ کیا  ان کے سامنے بھی پروجیکٹ سے متعلق شکایات رکھی گئیں لیکن کوئی پیشرفت نہ ہوئی ۔

ترجمان محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایک بڑا گودام تھا جس میں لوڈٹرک جاتے تھے ، اب یہ محکمہ خوراک کی 16مرلے کی سرکاری اراضی ہے زلزلہ ہونے کے بعد یہ متاثر ہوئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔سولہ سال بیت گئے ،حویلی میں وٹرنری ہسپتال کا منصوبہ تاحال مکمل نہ ہوسکا

ان کا کہنا تھا کہ نجانے اس منصوبے پر کتنی لاگت آئے گی، اس کا تخمینہ ہمارے پاس نہیں ہے ،2010  سے کام بند ہے ہم نے متعلقہ حکام کو بار بار تحریک کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سٹاک رکھنے کی جگہ ہی نہیں ہے ،کرائے پر دکانیں حاصل کی ہوئی ہیں لیکن وہاں آٹا محفوظ نہیں ہے
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بے بس ہوچکا ہے پتہ چلنا چاہیے کہ ٹھیکیدار کون ہے اور کام کیوں ادھورا چھوڑا گیا ہے اس معاملے کی تحقیقات ہونا ضروری ہیں ۔

Scroll to Top