مظفر آباد، فلسطین کے حق میں ریلیاں ، سیکورٹی کے سخت انتظامات

مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل )مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی اور انجمن تاجران مظفرآباد کی جانب سے فلسطین کے مظلوم لوگوں اور شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے پنڈال سجا دیا گیا۔شہر بھر سے قافلے اس اجتماع میں ریلیوں کی صورت میں شریک ہوں گے ۔

مظفرآباد بینک روڈ میں فلسطین کے حق میں ریلی کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر کی مختلف مساجد کے باہر تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

بینک روڈ سے براستہ شاہ سلطان پل برہان وانی چوک کی طرف فلسطینی عوام پر اسرائیلی بمباری اور جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز سسٹم ضلع مظفرآباد کے زیر قیادت سید اشتیاق حسین بخاری صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر ریلی میں 100 سے 150 طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔

مظاہرین نے برہان وانی چوک پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔اور غزہ میں جاری اسرائیل کی دہشت گردی کی خلاف نعرے بازی کی۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔غزہ ،حملے دوبارہ شروع، سحری کرتے فلسطینیوں پر بمباری ،100شہید ،150زخمی

مقررین نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطین کے معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے اقدامات کرنا چاہیے ،مقررین نے کہا کہ اسرائیل ، غاصب اور قاتل ریاست ہے جو غزہ میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے، دنیا کا ضمیر بے حس ہو چکا ہے۔

ہر گرتا ہوا فلسطینی بچہ اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے سوال کر رہا ہے، کیا میرا خون سستا ہے؟ مقررین نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیلی ریاست کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

دنیا ایک جانور کی ہلاکت پر آسمان سر پر اٹھا لیتی ہے لیکن غزہ کی گلیوں میں معصوم بچوں کی لاشیں بکھری ہوئی ہیں کیا یہ دنیا کو نظر نہیں آتیں ؟

اقوام متحدہ کو اپنی دوغلی پالیسی ختم کر کے غزہ کے مسلمانوں کے لئے کرداراداکرنا ہوگا ، مسلمان ممالک کو بھی متحد ہوکر غزہ کے مظلوم لوگوں کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ اسرائیلی جارحیت کو روکا جاسکے ۔

Scroll to Top