حویلی : آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں ایس کام کی موبائل اور ایس سی او کی ناقص انٹرنیٹ سروس کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ خورشید آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جنہوں نے کالج چوک سے اسسٹنٹ کمشنر آفس تک ریلی نکالی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ایس کام مخالف نعرے درج تھے۔ بعد ازاں اے سی آفس چوک میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے موبائل سروس کی ناقص کارکردگی پر شدید تنقید کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 27 رمضان سے سروس کا مسئلہ جوں کا توں ہے، کال موصول کرنا تک ممکن نہیں، جبکہ انٹرنیٹ سروس کی ناقص کارکردگی نے کاروبار اور تعلیمی سرگرمیوں کو مفلوج کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیشتر افراد کا روزگار آن لائن ورک سے جڑا ہے، لیکن ناقص انٹرنیٹ سروس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
احتجاج میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ضلع بنے 16 سال ہو چکے ہیں لیکن آج تک سروس میں کوئی بہتری نہیں آئی اور نہ ہی کسی دوسرے نیٹ ورک کو علاقے میں کام کرنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم کسی اور دنیا میں رہ رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ ایس کام اربوں روپے کا کاروبار کر رہا ہےمگر سروس کی بہتری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ مظاہرین نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد سروس میں بہتری نہ لائی گئی تو پورا ضلع جام کر دیا جائے گا اور بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔