سرکاری دفاتر میں عید کی چھٹیوں کے بعد غیر حاضری: ہٹیاں بالا کے شہریوں کا انتظامیہ سے جواب کا مطالبہ

ہٹیاں بالا : عید کی چھٹیوں کے بعد جہلم ویلی، ہٹیاں بالا میں حکومتی دفاتر کھل تو گئےمگر ملازمین کی حاضری برائے نام رہی۔ شہری سرکاری امور کے لیے دفاتر پہنچے مگر افسران اور عملے کی غیر حاضری کے باعث واپس لوٹ آئے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے مختلف سرکاری محکموں میں معمول کا کام توقع کے مطابق بحال نہ ہوسکا، متعدد افسران اور ملازمین نے غیر اعلانیہ اضافی چھٹی کر لی جبکہ حاضر ہونے والے بیشتر اہلکار بھی دفتری سرگرمیوں میں مشغول نظر نہیں آرہے۔

دفاتر میں سست روی اور غیر حاضری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، عید کی چھٹیوں کے ختم ہونے کا انتظار کرنے والے شہری اپنے دستاویزات کی تصدیق، فائلوں کی منظوری اور دیگر سرکاری امور کے لیے دفاتر پہنچے تو بیشتر کاؤنٹر خالی اور میزیں سنسان نظر آئیں۔

ایک شہری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “میں اپنی زمین کے کاغذات کی تصدیق کے لیے آیا تھا مگر متعلقہ افسر موجود نہیں۔ عملے نے بتایا کہ وہ آج دفتر نہیں آئیں گے۔ اگر کام کرنا ہی نہیں تو دفاتر کھولنے کا فائدہ کیا؟”

مقامی افراد کے مطابق جہلم ویلی، ہٹیاں بالا میں تعطیلات کے بعد سرکاری دفاتر میں غیر حاضری کا مسئلہ نیا نہیں ہوتا یوں ہے کہ سرکاری ملازمین عید اور دیگر بڑی چھٹیوں کے بعد اکثر ایک یا دو دن کی اضافی رخصت لے لیتے ہیں جس سے دفتری امور شدید متاثر ہوتے ہیں۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مؤقف جاننے کی کوشش کی مگر کوئی واضح جواب نہ ملا۔ ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا: “یہ معمول کی بات ہے اور اسے روکنے کے لیے کوئی خاص پالیسی لاگو نہیں کی گئی تاہم، اگر عوامی شکایات بڑھیں تو اعلیٰ حکام کارروائی کر سکتے ہیں۔”

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سخت اقدامات کریں تاکہ تعطیلات کے بعد سرکاری دفاتر میں حاضری یقینی بنائی جائے اور عوامی خدمات بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

Scroll to Top