آزاد کشمیر : اشتعال انگیز تقریر پر مقدمہ درج، قانونی کارروائی کا آغاز

راولاکوٹ میں حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے والے سجاد افضل اور مجتبیٰ کے خلاف سرکاری سطح پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی تقریب سے خطاب کے دوران ملزمان نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دیےجس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

پولیس اسٹیشن راولاکوٹ میں درج کی گئی ایف آئی آر نمبر 99/25 میں دفعہ 124A، 153Aشامل کی گئی ہیں جو ریاست کے خلاف نفرت انگیزی، بغاوت پر اکسانے اور امن و امان خراب کرنے سے متعلق ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے 25 مارچ 2025 کو عوامی ایکشن کمیٹی کے اجتماع میں خطاب کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف زہر افشانی کی ،عوام کو اکسانے کی کوشش کی اور قومی سالمیت کے خلاف بیانات دیے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم کی تقریر میں حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات شامل تھے جن کا مقصد ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانا اور عوام میں انتشار پیدا کرنا تھا۔ اس کے علاوہ انھوں نے ریاستی وسائل پر ناجائز مطالبات کیے اور حکومت کے خلاف غیر آئینی بیانات دیے جنہیں قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم قرار دیا جا سکتا ہے۔ریاستی اداروں پر بے بنیاد الزامات کے جرم میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top