مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات، اساتذہ کے مسائل کے حل اور اداروں کی مضبوطی و ریشنلائزیشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور ، وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی ، وزیر پی ڈی او چوہدری رشید، سیکرٹری ان لینڈ ریونیو چوہدری رقیب ، سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت نے اجلاس کو مختلف حلقہ جات میں قائم تعلیمی اداروں، اساتذہ کی بھرتیوں، مختلف شعبہ جات کیلئے درکار اساتذہ، کیڈرز سے متعلق مسائل اور مجموعی تعلیمی نظام و سٹاف ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت اپنی حرکتوں سے بازنہ آیا تو مزید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑیگا، وزیراعظم آزادکشمیر
انہوں نے پوسٹوں کی ایلوکیشن، اساتذہ کے کیڈرز، انتظامی رکاوٹوں اور درپیش مسائل سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے واضح کیا کہ تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
اُن کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے فی حلقہ مؤثر ریشنلائزیشن ناگزیر ہے اور ضرورت کے مطابق سٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت لانے سے تعلیمی نظام مؤثر انداز میں کام کرے گا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ جہاں قانون سازی کی ضرورت ہو ، وہاں قانون سازی کی جائے گی ۔ حکومت کا اولین مقصد نظام کو بہتر بنانا اور تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ میرٹ کو فوقیت دی جائے ، عوام کا ٹیکس عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے اور حکومت نسل نو کی معیاری تعلیم و تربیت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر کا میڈیکل کالجزمیں میرٹ پر تقرریوں، فیکلٹی معیار بہتر بنانے پر زور
اجلاس میں وزیر تعلیم سکولز اور سیکرٹری تعلیم نے اساتذہ کی اپگریڈیشن کے معاملے پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسبارے فوری اور حتمی فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اساتذہ کو جائز حقوق اور معاشی تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، تب تک نئی نسل کے تعلیمی حقوق کا مکمل تحفظ ممکن نہیں ۔
اجلاس کے شرکاء نے اتفاق رائے سے اساتذہ کے تمام مسائل اور تعلیمی اصلاحات کے فوری نفاذ پر عمل درآمد کو ترجیحی بنیادوں پر طے کرنے پر اتفاق کیا ۔ وزیراعظم انوار الحق نے سیکرٹری تعلیم کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں ۔