پی ڈی ایم اے کا عاشورہ کے دن شدید بارشوں کا الرٹ، تمام اضلاع کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات

راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ واسا راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق سید پور میں 80 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 40 ملی میٹر، شمس آباد میں 20 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا سید پور میں شدید بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کٹاریاں پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام مشینری اور عملے کو نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا ہے، خاص طور پر مری روڈ اور کمیٹی چوک انڈر پاس پر فوری رسپانس کے لیے ٹیمیں موجود ہیں۔

پنجاب کے دیگر اضلاع اور کشمیر میں بھی ب طوفانی بارش:
لاہور میں طوفانی بارش سے گھروں میں پانی داخل ہو گیا، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جبکہ بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک جا پہنچی ہے۔

آزاد کشمیر کے مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ اور نیلم ویلی میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

کہوٹہ میں افسوسناک واقعہ، چھت گرنے سے بچہ جاں بحق:
کہوٹہ میں شدید بارش کے دوران ایک گھر کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

عاشورہ پر بارش کا الرٹ، ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ پر:
پی ڈی ایم اے پنجاب نے 10 محرم کے دن پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش کی پیشگوئی جاری کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام اضلاع کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جلوسوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں عملے کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مائیکروسافٹ کے دفاتر بند کرنے کی خبریں گمراہ کن قرار،وزارت آئی ٹی کی وضاحت

 

Scroll to Top