لاہور : وزیراعلیٰ گرین کریڈٹس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت نے سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لیے نجی کمپنی سے معاہدہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہری مخصوص مشینوں میں پلاسٹک بوتلیں ڈال کر فوری نقد رقم حاصل کر سکیں گے۔
چینی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ یہ مشینیں آئندہ ماہ لاہور کی چار بڑی جامعات سمیت مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں نصب کی جائیں گی۔ مشین میں بوتل ڈالنے کے بعد فون نمبر درج کر کے گرین کریڈٹس حاصل کیے جا سکیں گے، جنہیں ایپ کے ذریعے بھی دیکھا جا سکے گا۔
کمپنی کے چیئرمین گلفام عابد کے مطابق روزانہ 500 ٹن پلاسٹک بوتلوں کا کچرا پیدا ہوتا ہے جسے ری سائیکل کر کے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور اینٹوں کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ لیٹر کی 20 یا آدھے لیٹر کی 40 بوتلیں مشین میں ڈالنے پر ایک ہزار روپے کی فوری رقم دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں چوہدری لیاقت علی کے اعزاز میں شاندار تقریب
اس سہولت سے نہ صرف عام شہری بلکہ لاہور کے 18 ہزار کباڑیے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جو ایپ کے ذریعے رابطہ کریں گے اور کمپنی کے اہلکار ان سے بوتلیں خریدیں گے۔