نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی رکن و سابق امیدوار اسمبلی سردار محمد اسرائیل قاضی نے کہا ہے کہ 5 اگست سچے اور کھرے لیڈر عمران خان کے لیے پاکستانی و کشمیری سڑکوں پر نکلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے 5 اگست کا احتجاج سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ ورلڈ کے سچے لیڈر عمران خان کی رہائی کے لیے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ قافلے تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا 5 اگست کو ہونے والا احتجاج پاکستان و آزادکشمیر کی حکومتوں کے در و دیوار ہلا کر رکھ دے گا۔ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے اراکین تحریک انصاف کو جوق در جوق احتجاجی تحریک میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے تاریخی احتجاج میں سمندر کی طرح ٹھاٹھیں مارتا ولولہ ہوگا جو لیڈر کی رہائی کی جانب گامزن رہے گا۔ یہ احتجاج کسی صورت ڈیڈلاک یا ڈیڈلائن پر نہیں بلکہ عمران خان کی رہائی پر ختم ہوگا۔ فارم 47 کی پیداوار حکومت اور آزاد کشمیر میں منحرف ٹولہ جان لے کہ عمران خان کی رہائی کا وقت آ گیا ہے۔ ہمارے حوصلے کوہِ ہمالیہ کی طرح ہیں، کسی صورت پست نہیں ہونے دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی و کشمیری ماؤں، بہنوں اور بیٹوں سے التماس کرتا ہوں کہ اپنے محبوب لیڈر عمران خان کی رہائی کے لیے فرنٹ لائن پر آئیں اور اپنے ہاتھوں سے عمران خان کو رہائی دلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کا مطالبہ: اکتوبر 2025میں انتخابات کرائے جائیں
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ممی ڈیڈی سسٹم ملکی بھاگ دوڑ سنبھالنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ تحریک انصاف کے اراکین سروں پر کفن اور جھنڈے باندھ کر قائد کی رہائی کے لیے نکلیں تو کامیابی ہماری ہوگی۔