ضلع جہلم ویلی: مون سون انتظامات سے متعلق میڈیا گفتگو سے ڈپٹی کمشنرکا گریز

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)ضلع جہلم ویلی میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ خطرات، حفاظتی انتظامات اور عوامی تحفظ سے متعلق امور پر میڈیا کو باضابطہ آگاہ نہ کیے جانے پر مختلف حلقوں میں سوالات جنم لے رہے ہیں۔

کشمیر ڈیجیٹل نیوز کے نمائندے عمر بھٹی راجپوت نے ڈپٹی کمشنر بیشن جرال سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران مون سون اقدامات کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے گفتگو سے معذرت کرتے ہوئے کہا، ” میں کچھ بات نہیں کر سکتی”۔

یہ صورتحال عوامی سطح پر اس پہلو کو اجاگر کرتی ہے کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بروقت معلومات کی فراہمی اہم اور ضروری سمجھی جاتی ہے، تاکہ شہریوں میں اعتماد پیدا ہو اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے۔ آزاد کشمیر میں دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران مون سون سے متعلق صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے نظر آتے ہیں۔ ایسے میں جہلم ویلی میں سرکاری مؤقف نہ آنا ایک غیر معمولی صورت حال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر بورڈ میرپور: سالانہ امتحان 2025 کے نتائج اور پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا گیا

سول سوسائٹی، مقامی افراد اور صحافتی ادارے اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ مستقبل میں ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد سے متعلق معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو درکار آگاہی اور اعتماد حاصل رہے۔

Scroll to Top