مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) : محکمہ موسمیات نے آزاد جموں و کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت ریاست کے دونوں اطراف آج سے مون سون کی نئی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
اتوار کی شب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ بارشیں آئندہ چار روز کے دوران مختلف علاقوں میں مختلف اوقات میں متوقع ہیں۔
21 جولائی کی رپورٹ کے مطابق آج مقبوضہ جموں کے میدانی علاقوں میں علی الصبح بارش ہونے کا امکان ہے، جب کہ وادی کشمیر کے بعض علاقوں میں سہ پہر، شام یا رات کے وقت بارش ہو سکتی ہے۔
22 جولائی: ریاست کے دونوں اطراف کے بیشتر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ جموں کے میدانی علاقے دن کے پہلے حصے میں بارش کا سامنا کر سکتے ہیں، جب کہ وادی کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان بعد میں ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم کچھ مقامات آج بھی خشک رہ سکتے ہیں۔
23 جولائی: بارشوں کا سلسلہ پہاڑی اور نیم پہاڑی علاقوں میں جاری رہنے کی توقع ہے۔
24 جولائی: اس روز بارشوں میں کمی آئے گی، صرف چند علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ مجموعی طور پر موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کامسر پر لینڈ سلائیڈنگ، نیلم شاہراہ بند، ہزاروں افراد محصورہو گئے
25 جولائی کے بعد: رپورٹ کے مطابق ریاست کے دونوں اطراف میں مجموعی طور پر خشک موسم متوقع ہے، تاہم چند مقامات پر معمولی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد کسی بڑے یا وسیع پیمانے پر بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔